مظفر آباد۔6مارچ (اے پی پی):یونیسف کے کنٹری نمائندہ عبداللہ اے فادل کی سربراہی میں وفد کو محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں بریفنگ دی گئی۔
سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد ادریس عباسی نے یونیسف کے وفد کو آزادکشمیر کے ترقیاتی پروگرام (Scaling up Nutzation)سن سیکرٹریٹ اور فارن فنڈڈ منصوبہ جات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے چیفس، کنٹری کنسلٹنٹ یوسف جاسم انور، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر سید اسماء اندرابی و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد ادریس عباسی نے کہا کہ یونیسف نے زلزلہ 2005اور کورونا کے دوران آزادکشمیر میں بہترین انداز میں کام کیا۔ آزادکشمیر کا خطہ متنازع ہونے کی وجہ سے یہاں فارن فنڈڈ پراجیکٹس شروع کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آزادکشمیر ایک پرامن علاقہ ہے۔ ہمارا سالانہ ترقیاتی پروگرام فیڈرل PSDPکا حصہ ہوتا ہے ۔ہمارے بجٹ کا زیادہ ترانحصار فیڈرل گورنمنٹ کی فنڈنگ سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے یونیسف ہماری مد د کرے ۔ ہم محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اسے جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتے ہیں۔ جس کے لیے محکمہ کی ری آرگنائزیشن کریں گے اور اسے پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخواہ کی طرز پر اپ گریڈ کریں گے۔ اس حوالہ سے سٹاف کی ٹریننگ یقینی بنائی جا ئے گی۔آفیسران کو ابتدائی ، مڈل لیول اور سینئر لیول کی ٹریننگ کروائی جائے گی۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا الگ سروس گروپ بنائیں گے۔
جس کے آفیسران ہیلتھ ، ایجوکیشن ، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر بڑے محکموں میں کام کریں گے تاکہ ان کو ڈیسک کے ساتھ ساتھ فیلڈ کا تجربہ بھی حاصل ہو سکے۔ اس سلسلہ میں ہمیں یونیسف کی معاونت درکار ہو گی تاکہ کیپسٹی بلڈنگ کی جا سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کنٹری نمائندہ یونیسف عبداللہ اے فادل نے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ایک اہم محکمہ ہے جس کے ساتھ دیگر محکمے بھی جڑے ہوتے ہیں۔
ہم اپنا ورک پلان تیار کر کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ساتھ شیئر کریں گے تاکہ تمام محکموں کی ترجیحات کے مطابق ورک پلان کو حتمی شکل دی جا سکے ۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئے ہے کہ آزادکشمیر کم آبادی کی ریاست اور متنازعہ علاقہ ہونے کے باوجود یہاں کے سوشل اکنامکIndicatorsملک کے دیگر صوبوں سے بہتر ہیں اور یہ پرامن علاقہ ہے جس کے لوگ زیادہ باشعور ہیں۔