کوئٹہ۔ 17 مارچ (اے پی پی):یونیورسٹی آف بلوچستان کے فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر (ایف ٹی ڈی سی)نے کامیابی کے ساتھ ایک روزہ میڈیا لٹریسی تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سیمینار کا مقصد طلبا، فیکلٹی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے لیے میڈیا لٹریسی تربیتی پروگرامز اور آگاہی مہمات کو نافذ کرنا تھا تاکہ شرکا کی تنقیدی سوچ کے مہارتوں کو بہتر بنایا جا سکے اور انہیں آج کے تیزی سے بدلتے میڈیا منظرنامے میں معتبر معلومات کے ذرائع کو پہچاننے میں مدد مل سکے۔
فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے چیئرپرسن ڈاکٹر شاہدہ حبیب نے تمام شرکا کا خیرمقدم کیا اور جدید دور میں میڈیا لٹریسی کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار کے دوران میڈیا اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر فہیم بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر ببرک نیاز، اور لیکچرر جناب عبدالملک اچکزئی نے میڈیا لٹریسی کی اہمیت پر اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔یہ سیمینار یونیورسٹی آف بلوچستان کے میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ میں منعقد کیا گیا اور تمام شرکا نے اس کی بھرپور پذیرائی کی۔
اس اقدام سے یونیورسٹی کی کمیونٹی میں باخبر فیصلہ سازی اور ذمہ دار میڈیا کے استعمال کی ثقافت کو فروغ دینے کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔یہ اقدام نہ صرف یونیورسٹی کے طلبا اور فیکلٹی کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ اس خطے میں آگاہی اور تنقیدی سوچ کی وسیع تر ثقافت کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573564