سرگودھا۔ 02 مئی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں بزنس انکیوبیشن سینٹر کے زیرِ اہتمام انویسٹر کنیکٹ 2025کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی۔جس کا مقصد نوجوانوں میں کاروباری رجحانات کو فروغ دینا اور نئے کاروباری آئیڈیاز کو صنعتوں سے جوڑنا تھا۔ اس پروگرام میں ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے شرکت کی اور نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز پر مشتمل 20 سے زائد سٹارٹ اپس پیش کیے گئے۔
نوجوانوں نے اپنے کاروباری منصوبے سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیے، جبکہ سٹارٹ اپ پچز، انویسٹمنٹ ڈسکشنز، ماہرین کی رہنمائی اور نیٹ ورکنگ سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد بزنس آئیڈیاز اور کاروباری رجحان رکھنے والے نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، سٹریٹجک شراکت داریوں کو فروغ دینا اور ایک پائیدار کاروباری ماحولیاتی نظام تشکیل دینا تھا۔ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وژن کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا باصلاحیت نوجوانوں کے کاروباری خیالات کو عملی شکل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
انویسٹر کنیکٹ جیسے پروگرام نوجوانوں کو محض ملازمت کے متلاشی بنانے کے بجائے ملازمت دینے والا بننے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔انویسٹر کنیکٹ کی تقریب کا اہتمام انچارج بزنس انکیوبیشن سنٹر سلمان پِراچہ اور منیجر بی آئی سی سمیرا ثمر نے کی۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے سرمایہ کاروں کو اعزازی شیلڈز اور سٹارٹ اپس پیش کرنے والے طلبہ کو اُن کی تخلیقی کاوشوں کے اعتراف میں اسناد پیش کیں۔