12.7 C
Islamabad
بدھ, مارچ 5, 2025
ہومعلاقائی خبریںیونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیومن ریسورس اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام دو روزہ...

یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیومن ریسورس اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

- Advertisement -

سرگودھا۔ 04 مارچ (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیومن ریسورس اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ”بامقصد قیادت: انتظامی امور سے آگے” کے عنوان سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ منگل کو منعقدہ ورکشاپ میں یونیورسٹی کے ڈینز، پرنسپلز، ڈائریکٹرز اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا افتتاح پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کیا جبکہ چیئرمین شعبہ کلینیکل سائیکالوجی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر محمد رضوان، سابق ڈائریکٹر پی ٹی وی مرزا مسعود بیگ، کنسلٹنٹ ایچ آر ڈی سی خورشید یوسف اور ڈاکٹر فیاض الرحمٰن کی زیر نگرانی مختلف تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد رضوان نے ذہنی دباؤ کے مؤثر انتظام اور ذہنی یکسوئی کے موضوع پر گفتگو کی اور قائدانہ کردار ادا کرنے والوں کے لیے ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیا۔ مرزا مسعود بیگ نے ناکامی کو دشمن نہ سمجھیں: مضبوط قیادت کے لیے جذباتی ذہانت کی تربیت پر سیر حاصل گفتگو کی اور شرکاء کو ناکامی کو سیکھنے کے ایک موقع کے طور پر اپنانے کی ترغیب دی۔

- Advertisement -

خورشید یوسف نے تبدیلی لانے والی قیادت کے موضوع پر رہنمائی فراہم کی اور مؤثر قیادت کی حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر فیاض الرحمٰن نے جدید ٹیکنالوجی اور ہم آہنگی کے عملی طریقے کے موضوع پر لیکچر دیا اور مصنوعی ذہانت کے ایسے مفید ٹولز متعارف کروائے جو انتظامی امور کو بہتر اور آسان بنا سکتے ہیں۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مضبوط قیادت ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہیومن ریسورس اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر کی جانب سے تعلیمی شعبوں کے سربراہان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوششوں کو سراہا اور شرکاء کے جذبے اور پیشہ ورانہ ترقی کے عزم کی تعریف کی۔انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568635

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں