یونیورسٹی آف سرگودھا کا اعزاز،مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کی بنیادپرکامسٹیک ایوارڈ سے نوازاگیا

261
University of Sargodha
University of Sargodha

سرگودھا۔4دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا نے تعلیمی میدان میں ایک اور اعزازحاصل کر لیا، کامسٹیک اسلام آباد نے یونیورسٹی آف سرگودھا کی مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کو ایوارڈ سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کمیٹی آن سائنٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل کارپوریشن کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعلیمی، تحقیقی، تعمیراتی اور بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے اعلیٰ کو آرڈی نیشن کی بنیاد پر کامسٹیک ایوارڈ دیا گیا ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کو آرڈینیٹر جنرل آف کامسٹیک اور معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سے یہ ایوارڈ وصول کیا۔ میٹنگ میں کامسٹیک کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ،

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا علمی و تحقیقی بالخصوص سائنسی میدان میں ایک نامور ادارہ ہے اور اس نے ہمیشہ فروغ تعلیم کے لئے بے پناہ کام کیا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کو ہم نے جدید خطوط پر استوار کردیا ہے اور یہاں پر دیگر ممالک سے طالب علم اپنی علمی پیاس بجھانے کے لئے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامسٹیک کی طرف سے سرگودھا یونیورسٹی کو ایوارڈ ملنا ہمارے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور ہم علم و تحقیق کے لئے مزید کام کریں گے۔