سرگودھا ۔ 21 اپریل (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا نے پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2025ء میں اپنی بھرپور اور مؤثر شرکت کے ذریعے جدید تعلیم، تحقیق اور اختراع کے میدان میں اپنے عزم کا بھرپور اظہار کیا۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ اس بڑی علمی و تکنیکی نمائش کا اہتمام پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کیا گیا، جس میں صوبے بھر کی جامعات، کالجز اور ٹیکنیکل اداروں نے بھرپور شرکت کی۔نمائش کا افتتاح سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر فرخ نوید نے کیا، جب کہ مہمانِ اعزاز یونیورسٹی آف سرگودھا کے قائم مقام وائس چانسلر اور ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان تھے۔
اس موقع پر مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اُساتذہ، محققین، یونیورسٹی آف سرگودھا کے چیئرمین شعبہ اگرانومی پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن، انچارج انکیوبیشن سنٹر سلمان احمد پراچہ، منیجر سہولت سنٹر ڈاکٹر بلال احمد، اساتذہ، طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔یونیورسٹی آف سرگودھا کے مختلف سٹالز نے شرکا کی خاص توجہ حاصل کی، جن میں زرعی ماڈلز، جدید پیٹنٹ، دنیارکوری سسٹمز، فائن آرٹس، آئی ٹی ٹولز، سوشل سائنسز کے تحقیقی ماڈلز اور انکوبیشن سنٹر میں تیار کیے گئے سٹارٹ اپس شامل تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے یونیورسٹی کے تمام سٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور شرکا سے اظہارِ خیال بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے کہا کہ ایجادات و اختراعات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔ ہمارے طالب علموں میں تخلیقی صلاحیتیں بدرجہ اتم موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فورمز نہ صرف معلومات کے تبادلے کا ذریعہ ہوتے ہیں بلکہ عملی تعاون اور وسائل کی شراکت کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے اساتذہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے وژن کے مطابق جدید تحقیق اور ایجادات کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں
جس سے علمی اور عملی میدان میں ایک نیا باب کھل رہا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے طلباء کو ترغیب دی کہ وہ ایسی ایجادات و منصوبے سامنے لائیں جن سے نہ صرف ادارہ بلکہ پورا معاشرہ اور ملک مستفید ہو۔انہوں نے ایکسپو میں حصہ لینے والے تمام طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد بھی دی۔مزید برآں پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے ایکسپو کے دوران سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سے خصوصی ملاقاتیں کیں، جن میں تعلیم، تحقیق اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے سرگودھا یونیورسٹی میں جاری منصوبوں، تعلیمی اقدامات اور تحقیقی سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی۔
P
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585351