یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام سالانہ ایم اے اور ایم کام پارٹ 1،2 کے سپلیمینٹری امتحانات کا شیڈول جاری

523
University of Sargodha
University of Sargodha

سرگودھا۔ 02 دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا نے ایم اے /ایم ایس سی، پارٹ ون ، پارٹ ٹو اور ایم کام پارٹ ون، پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ اور سپلیمینٹری امتحان 2024کا شیڈول جاری کر دیا ۔ شعبہ امتحانات یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ آن لائن داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ9دسمبر2024ہے، ڈبل فیس کے ساتھ16دسمبر2024جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 23دسمبر2024ہے۔ وہ امیدواران جو کمپارٹمنٹ، ڈویژن اور مارکس امپروومنٹ کی کیٹیگری میں شامل ہیں وہ ایم اے انگلش، اردو، اسلامک سٹڈیز، پاکستان سٹڈیز، ہسٹری، پولیٹیکل سائنس، انٹرنیشنل ریلیشنز، اکنامکس،عریبک، پنجابی اور ایم ایس سی میتھ میٹکس کے لیے داخلہ فارم جمع کروا سکتے ہیں۔

طلبہ داخلہ کیلئے یونیورسٹی آف سرگودھا کے آفیشل ویب پورٹل پر جا کر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں جبکہ فیس کا کمپیوٹر جنریٹڈ چالان ایچ بی ایل کی کسی بھی برانچ میں یا بینک ایپ کے ذریعے جمع کرانے کے بعد اس بطور ثبوت آن لائن ایپلی کیشن میں اپ لوڈ کرنا ہوگا تاکہ ایپلی کیشن پراس مکمل ہو سکے، اس کے بعد چالان اور دستخط شدہ و اٹیسٹڈ داخلہ فارم شعبہ امتحانات کی متعلقہ برانچ میں جمع کروانا ہوگا۔طلبہ کو یہ بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی طالبعلم کو علیحدہ رول نمبر سلپ جاری نہیں کی جائے گی اور نہ ایڈریس پر ارسال کی جائے گی بلکہ تمام طلبہ کی رول نمبر سلپ آن لائن ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کی جائے گی جہاں سے وہ شناختی کارڈ نمبر کا اندراج کر کے رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

اگر طلبہ نے برقت رول نمبرسلپ ڈاؤن لوڈ نہ کی اور امتحان میں شرکت نہ کی تو اس کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا ذمہ دار نہ ہوگی ۔مزید برآں ڈیٹ شیٹ سے آگاہ رہنے کے لیے طلبہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی آفیشل ویب سائیٹ وزٹ کرتے رہیں تاکہ وہ امتحانات کے شیڈول سے باخبر رہیں۔ڈیٹ شیٹ کا شیڈول ویب سائیٹ پر الگ سے جاری کیا جائے گا۔