یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں اعلیٰ سطحی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد

78

پشاور۔ 20 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل اور انڈسٹریل انجینئرنگ کی جانب سےْایس ڈبلیو او ٹی تجزیہ اور آگے کا راستہ ٗکے موضوع پرآج ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ پروفیسر ڈاکٹر رضوان گل، ڈین فیکلٹی آف فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل، اور انڈسٹریل انجینئرنگ کی سربراہی میں منعقد کی گئی جس کا مقصد خیبر پختونخوا میں انجینئرنگ کی تعلیم کو درپیش چیلنجز، خاص طور پر یو ای ٹی پشاور کی فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل، انڈسٹریل انجینئرنگ کو درپیش مسائل پر غور کرنا اور مستقبل کے لیے ایک لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔

پروفیسر ڈاکٹر رضوان گل نے عالمی، قومی اور مقامی تناظر میں ان چیلنجز کو اجاگر کیا۔ سینئر فیکلٹی ممبران پر مشتمل پینل نے کئی سفارشات پیش کیں جن میں جدید لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن، آلات اور عملے کے وسائل کا اشتراک، یونیورسٹی کی تحقیق اور تعلیمی سہولیات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مرکزی مارکیٹنگ پلان کا آغاز، صنعتی تعاون کو بڑھانا، خاص طور پر یونیورسٹی اسٹارٹ اپ پالیسی، اور فیکلٹی کو برقرار رکھنے کا مؤثر نظام شامل ہیں۔ورکشاپ میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی (سابقہ وائس چانسلر)، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خضر اعظم،پروفیسرڈاکٹرسحرنور، پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ، پروفیسر ڈاکٹر سعید گل، پروفیسر ڈاکٹر طاہر خان، اور دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نے ڈین فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل، اور انڈسٹریل انجینئرنگ کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے فیکلٹی اور عملے کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ انہوں نے طلباء کو تمام پہلوؤں سے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت اور آمدنی بڑھنے کے لیے جدید کنسلٹنسی منصوبے اور خیالات پیش کریں، جیسے صنعت کو خصوصی تربیت فراہم کرنا، جہاں حکومتی وسائل کا استعمال کیا جا سکے۔