
واشنگٹن ۔19ستمبر (اے پی پی):یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے
جہاں وہ امریکی حکام اور دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلیگرام چینل میں لکھا کہ ان کے آئندہ کچھ روز اہم اور مصروف ہوں گے ،ان دنوں میں ان کا اہم دو طرفہ ملاقاتوں کا بھی منصوبہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ امریکی صدر جوبائیڈن ، کانگریس رہنمائوں اور عسکری قیادت کے ساتھ ساتھ مقامی کاروباری شخصیات، صحافیوں اور کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔
یوکرینی صدر برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بھی ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کا اعلیٰ سطحی ہفتہ19 ستمبر کو شروع ہورہا ہے۔