اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ منگل کو ملک بھر میں 15 لاکھ سے زائد افرد کو ویکسین لگائی گئی، عوام اسی جذبے کو برقرار رکھیں۔
اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگست کے آخر تک 24 شہروں کی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا، ان 24 بڑے شہروں میں سے 20 نے ہدف پورا کیا، حیدرآباد، مردان، نوشہرہ اور کوئٹہ نے ہدف پورا نہیں کیا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر اہل آبادی کے 35 فیصد کو کم از کم ایک خوراک ملی ہے، اسلام آباد میں 69 فیصد، آزاد کشمیر میں 51 فیصد، گلگت بلتستان میں 39 فیصد، پنجاب میں 37 فیصد، خیبر پختونخوا میں 35 فیصد، سندھ میں 32 فیصد اور بلوچستان میں 12 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔