واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ میں مسیحی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم آل نیبرز کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

158

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ میں مسیحی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم آل نیبرز کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان سمیت آل نیبرز تنظیم کے بانی الیاس مسیح اور بڑی تعداد میں پاکستانی امریکی مسیح برادری نے شرکت کی۔

واشنگٹن سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق بانی آل نیبرز اور مسیحی برادری نے پاکستانی سفارت خانہ، خاص طور پرسفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کا مسیحی برادری کے لیے کرسمس اور ایسٹر جیسے اہم مواقع پر تقاریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کرسمس کی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں سفارتخانہ میں تقریب کا انعقاد ہمارے لیئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے تمام شہریوں کو مذہبی آزادی کا یقین دلایا تھا۔

سفیر نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں محبت، امن، درگزر اور امید کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور رواداری کا درس دیتا ہے اور مذہبی ہم آہنگی امن و سلامتی کی ضامن ہے۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ جس طرح ملکی قیادت اور پوری قوم نے سیالکوٹ واقع کی شدید مذمت کی ہے وہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

تقریب میں مسیح برادری اور دیگر مذاہب کے نمائندوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ شرکا نے کرسمس کے حوالے سے تقریب کے انعقاد پر سفارت خانے کے اقدام کو سراہا۔