سیالکوٹ۔ 30 جون (اے پی پی):سیالکوٹ کے معروف سماجی رہنما رانا احمد رضا نے کہا کہ سوشل میڈیا موجودہ دور کی سب سے مؤثر اور طاقتور آواز بن چکا ہے جو نہ صرف عوامی شعور کو بیدار کر رہا ہے بلکہ ریاستی پالیسیوں، سماجی رویوں اور سیاسی رجحانات پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اظہارِ رائے کے اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہر فرد کو اپنی آواز بلند کرنے کا حق حاصل ہے،
مگر اس کے ساتھ اخلاقی ذمہ داری، سچائی اور مثبت سوچ کا دامن تھامنا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو صرف تفریح کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ اسے علم، آگاہی، کاروبار، تعلیم اور قومی ترقی کے لیے استعمال کریں۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ، اساتذہ، صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس نے شرکت کی اور مقررین نے سوشل میڈیا کے سماجی، تعلیمی اور نفسیاتی اثرات پر روشنی ڈالی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا صرف تفریح نہیں بلکہ ایک مؤثر تعلیمی، شعوری اور قومی ترقی کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے، بشرط یہ کہ اس کا استعمال مثبت انداز میں کیا جائے۔