لاہور۔14 جون(اے پی پی )صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ بجٹ میں سوشل سیکٹر کے بجٹ میں بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے، بجٹ کی بڑی خوبی یہ ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ کو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 47 فیصد زائد بڑھایا گیا ہے، وہ گزشتہ روز صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت پنجاب اسمبلی میں نئے مالی سال کے پیش کردہ بجٹ کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے بجٹ کی بنیاد3ترجیحات پر رکھی گئی ہے۔ جس میں کم وسلیہ اورمحروم طبقات کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ جبکہ انسانی وسائل کی ترقی دوسری اور یکساں علاقائی ترقی تیسری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ تحریک انصاف کی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین معاشی حالات کے باوجود اقتصادی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے جاری اخراجات کا کل تخمینہ 1298 ارب 80 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ جبکہ بجٹ کا کل حجم 23 سو ارب 57 کروڑ رکھا گیا ہے۔