،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں پنجاب ہیلتھ انشی ایٹوز مینجمنٹ کمپنی کا اجلاس

55

لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے موجودہ مالی سال میں صوبہ کے دوڈویژنزکے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ دینے کافیصلہ کیاہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں پنجاب ہیلتھ انشی ایٹوز مینجمنٹ کمپنی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن سلوت سعید،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل،خرم لودھی،سی ای اوپنجاب ہیلتھ انشی ایٹوزمینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق اور پنجاب سٹیٹ لائف انشورنس سے ریجنل چیف ڈاکٹرنورالحق اور مینجرخاورمجید خان نے شرکت کی۔صوبائی وزیرنے اجلاس کے دوران پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کوریج اور صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندانوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔پنجاب ہیلتھ انشی ایٹوزمینجمنٹ کمپنی کے افسران نے صوبائی وزیر صحت کو یونیورسل ہیلتھ کوریج اورصحت سہولت کارڈ کادائرہ کاربڑھانے کیلئے ٹائم لائن سے منسلک اہداف کی تفصیلات پیش کیں۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں صحت سہولت کارڈ کے تحت تمام خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا باقاعدہ آغازکردیاگیاہے۔موجودہ مالی سال کے دوران ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژنزمیں تمام خاندانو ں کوصحت سہولت کارڈ تقسیم کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دسمبر2021تک صحت سہولت کارڈ کادائرہ کارپنجاب کے باقی تمام ڈویژنزتک پھیلادیاجائے گا۔مرحلہ وارپنجاب کے 2کروڑ20لاکھ خاندانوں میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کردئیے جائیں گے۔پہلے مرحلہ میں پنجاب کے 36اضلاع میں غربت کی لکیرسے نیچے رہنے والے خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کئے گئے تھے۔ڈی جی خان ڈویژن کے اضلاع ڈی جی خان،راجن پور مظفرگڑھ اور لیہ اور ساہیوال ڈویژن کے اضلاع ساہیوال،پاکپتن اور اوکاڑہ میں تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندان لاہورکے تیس سرکاری و نجی ہسپتالوں سے مفت علاج و ادویات کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔پنجاب بھرمیں صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندانوں کی سہولت کیلئے اڑھائی سو سے زائدسرکاری ونجی ہسپتالوں کو اِم پینل کردیاگیاہے۔صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندانوں کیلئے سرکاری ونجی ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔صحت سہولت کارڈ کے حامل افرادکیلئے لاہورکے تیس سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 6000بستروں کا اضافہ کیاگیاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب میں 52لاکھ خاندانوں سے بڑھاکر85لاکھ خاندانوں تک صحت سہولت کارڈ کادائرہ کاربڑھایاجارہاہے۔کسی بھی صوبہ میں صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندان پنجاب میں پینل پر موجودسرکاری و نجی ہسپتالوں سے مفت علاج و ادویات کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔پنجاب میں تمام ڈائیلسز سنٹرزکو پینل پر لا کر خاندانوں کو ڈائیلسزکی مفت سہولت دی جائے گی۔صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندان دل کی بیماریوں اور سرجری کی مفت سہولت حاصل کرسکیں گے۔