،وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی کی اورکزئی کلایہ کے دورے کے موقع پر گفتگو

62

ہنگو۔25 نومبر(اے پی پی)وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے کہاہے کہ ملک دشمن عناصرکلایہ جیسے افسوسناک واقعات سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں‘ ملک دشمن عناصر کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لئے پوری قوم متحد اور یک آواز ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اورکزئی کلایہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے اپنے دورے میں سیکٹر کمانڈر غلجو اورکزئی،اورکزئی سکاﺅٹس کے کمانڈنٹ،ڈپٹی کمشنر اورکزئی و دیگر حکام کے ہمراہ سانحہ کے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور کلایہ دربار میں واقعہ کے شہداءکے لواحقین کیساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پرشہریارخان آفریدی نے قبائلی مشران ،عمائدین پر مشتمل نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہاکہ ظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،شہداءکے غم میں برابر کے شریک ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ ساتھ قبائلی عوام نے لازوال قربانیاں پیش کیں اور قبائلی عوام کی جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔