اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی چین کے 15رکنی پارلیمانی وفد سے گفتگو

70

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی دوستی باہمی احترام و اعتماد اور مضبوط اسٹرٹیجک شراکت داری اور معاشی تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے، دونوں ممالک کے مابین سدا بہار دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) ژانگ چن ژیان کی سربراہی میں چین کے 15رکنی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چین کے پاکستان میں تعینات سفیر یاوجِنگ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب بھی موجود تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین روابط میں فروغ کے ذریعے دوستی کے اس رشتے کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے، اس دورے کے دوران کئے جانے والے معاہدوں پر عمل درآمد سے پاک ۔ چین تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے پاکستان میں صنعتی زونز کا قیام اور ٹیکنالوجی کی ٹرانسفر سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔