سلامتی کونسل صورتحال کا فوری نوٹس لے، صدر آزادکشمیر

61

اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں 18نوجوانوں کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو انسانوں کے قبرستان میں تبدیل کر کے کشمیریوں کی زمین ، پانی اور قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور نڈر عوام بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پوری طرح پر عزم ہیں۔پیر کو صدارتی کیمپ آفس سے جاری بیان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین دن میں 18کشمیریوں کی شہادت اور نہتے کشمیری عوام کے خلاف مظالم کے نئے سلسلے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف عملاً کھلی جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے ریاست گیر ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ظلم ، جبر اور ریاستی استبداد کی تمام حدوں کو پار کر دیا ہے۔