
اسلام آباد ۔ 6 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں بڑا اہم کردار ادا کرتی ہے، ہمارے پیغمبر پاک نے بھی تعلیم کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوںنے یہ بات منگل کو یہاں کیپیٹل یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی کے12ویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر مملکت برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مثبت رویہ برقرار رکھنا چاہیے اور مثبت سوچ سے نیک کاز کےلئے کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم روز بروز صورتحال میںبہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز پر قابو پانے کےلئے ہمیں مہذب قوم کی طرح کام کرنا چاہئے اور مواقع سے پوری خلوص نیت کے ساتھ کام کرتے ہوئے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیر مملکت برائے تعلیم نے کہا کہ یہ بات جاننا میرے لئے بڑی حوصلہ افزاءہے کہ سی یو ایس ٹی نے انجینئرنگ، آئی ٹی اور منیجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی کی 20 ڈگریاں دی ہیں اور مجھے امید ہے کہ ڈگری ہولڈز اپنی تمام توانائیاں ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے صرف کریں گے۔ وزیر مملکت نے معیاری تعلیم کے ضمن میں پنجاب حکومت اور خصوصاً میاں عامر محمود کے کردار کو سراہا۔