اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں چین کے قونصلیٹ پر دہشت گردوں کاحملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جسے سکیورٹی ادروں نے جوان مردی سے ناکام بنادیا ہے، ایسے بزدلانہ حملوں سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، حملے کے پیچھے تمام ملوث عناصر کو بے نقاب کیاجائے گا، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں چینی قونصلیٹ پر تین دہشت گردوں نے حملہ کیا، سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے حملے کوناکام بناتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا جبکہ اس واقعہ میں دو پولیس اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ پولیس، رینجرز سمیت تمام سکیورٹی اداروں نے بہادری سے اس حملے کو ناکام بنایا ہے