آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

85

دہرہ ڈون ۔ 17 مارچ (اے پی پی) آئرلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، آئرش ٹیم دوسری اننگز میں 288 رنز بنا کر ہو گئی اور اس نے افغانی ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 147 رنز کا ہدف دیا ہے، اینڈی بلبرائن اور کیون اوبرائن نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائولرز کو فائٹ کرنے کا موقع فراہم کیا، بلبرائن 82 اور اوبرائن 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، راشد خان نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، افغانی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 29 رنز بنا لئے تھے، افغانستان کو کامیابی کیلئے مزید 118 رنز اور آئرلینڈ کو 9 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ اتوار کو دہرہ ڈون ٹیسٹ کے تیسرے روز آئرش ٹیم نے 22 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی بلبرائن 14 اور سٹرلنگ 8 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پانچویں اوور میں یامین نے سٹرلنگ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 14 رنز بنائے، اس موقع پر جیمز میک کولم نے بلبرائن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 104 قیمتی رنز جوڑ کر نہ صرف افغانستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کیا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلائی، 137 کے سکور پر وقار نے بلبرائن کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، میک کولم 39 رنز بنا کر راشد کی گیند کا نشانہ بنے، پونٹر اور تھامسن ایک، ایک رن بنا کر چلتے بنے، 157 کے سکور پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد جارج ڈوکریل نے کیون اوبرائن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے 63 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو 100 سے زائد رنز کی برتری دلا دی، یہاں پر راشد نے ڈوکریل کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 25 رنز بنائے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد اوبرائن کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 56 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، میکبرائن 4 رنز بنا سکے، مورتگ اور کیمرون نے آخری وکٹ کی شراکت میں 58 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن بہتر بنائی، کیمرون 32 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مورتگ 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اسطرح آئرلینڈ نے افغانستان کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 147 رنز کا ہدف دیا، راشد خان نے 5، یامین احمد زئی نے 3 اور وقار نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں افغانی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 29 رنز بنا لئے تھے، افغانی ٹیم کو جیت کیلئے مزید 118 رنز اور آئرلینڈ کو 9 وکٹیں درکار ہیں، محمد شہزاد 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، احسان اللہ 16 اور رحمت شاہ 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ میکبرائن نے ایک وکٹ لی۔