آئر لینڈ اور بلغاریہ کا پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے رابطوں اور مشاورت میں اضافے کا فیصلہ

145

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) آئرلینڈ اور بلغاریہ نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے رابطوں اور مشاورت میں اضافے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ فیصلہ جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور انکے آئرش و بلغارین ہم منصبوں کے مابین ملاقات کے دوران کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق آئر لینڈ کے وزیر خارجہ چارلس فلینگن اور بلغاریہ کے وزیر خارجہ ڈینئل میتوف نے دہشت گردی کیخلاف مہم میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے قبائلی اور ملک کے دیگرحصوں میں کامیابی سے جاری انسداد دہشت گردی آپریشن کو سراہا۔ مشیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ان آپریشنز کے نتیجے میں ملک میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس سے ملکی معیشت پائیدار شرح کیساتھ ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے آئر لینڈ اور بلغاریہ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہا۔مشیر خارجہ نے اپنے بلغارین اور آئرش ہم منصبوں کوپاک بھارت تعلقات اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے بریف کیا۔ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں امن و استحکام کیلئے کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔