آئسولیش ہسپتال اینڈ انفیکشنز ٹریٹمنٹ سینٹر میں ٹیلی میڈیسن کا پہلا بڑا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، مصطفیٰ کمال

101
بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا، تنخواہ دار طبقہ کیلئے ریلیف کے ساتھ کاروباری طبقہ کو ٹیکس چھوٹ دی گئی، سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے آئسولیش ہسپتال اینڈ انفیکشنز ٹریٹمنٹ سینٹر(آئی ایچ آئی ٹی سی) اسلام آباد میں ٹیلی میڈیسن کا پہلا بڑا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایچ آئی ٹی سی کے دورہ کے دوران ہوئے کیا۔وزیرِ صحت مصطفی کمال کو ادارے کے فنکشنز اور موجود سہولیات بارے بریف کیا گیا ۔

وفاقی وزیر صحت نے آئی ایچ آئی ٹی سی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔وزیر صحت نے کہا کہ 265 بیڈز پر مشتمل یہ ایک مکمل ہسپتال ہے،یہاں 5 بڑے آئی سی یو وارڈز موجود ہیں، ایک بڑا ہسپتال ہے،بدقسمتی سے یہ ادارہ 2023 سے غیر فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال کے دورے کے دوران میں نے دیکھا کہ ایک بیڈ پر 20 مریضوں کا بوجھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اس سینٹر کو دوبارہ فعال کرنے جا رہے ہیں،ان شاءاللہ یہاں سے ٹیلی میڈیسن کا پہلا بڑا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا،ڈاکٹرز اور دوا عوام کی دہلیز تک لائیں گے ،پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی محدود دستیابی کے پیش نظر ٹیلی میڈیسن ایک ناگزیر حل بنتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سینٹر کے ذریعے پاکستان کے عوام کو بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے ۔