اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی فروخت میں اپریل 2025 کے دوران 19.67 فیصد جبکہ رواں مالی سال کے دوران 6.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق اپریل 2025 کے دوران او ایم سیز کی فروخت کا حجم 1.46 ملین ٹن تک پہنچ گیا جبکہ مارچ 2025 میں فروخت کا حجم 1.22ملین ٹن رہا تھا۔اس طرح مارچ 2025کے مقابلہ میں اپریل 2025کے دوران او ایم سیز کی فروخت میں 0.24ملین ٹن یعنی 19.67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں او ایم سیز کی فروخت 13.22 ملین ٹن رہی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت کا حجم 12.44 ملین ٹن رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں 0.78 ملین ٹن یعنی 6.27فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
اے ایچ ایل کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پٹرول کی فروخت میں 24فیصد اور فرنس آئل کی فروخت میں 182 فیصد اضافہ ہوا ہے دوسری جانب ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادو شمار کے مطابق پاکستان سٹیٹ آئل کی فروخت گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 10ماہ میں 12 فیصد جبکہ اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کی فروخت میں 28 فیصد ‘ وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کی فروخت میں 23 فیصد اور ہسکول پٹرولیم کی فروخت میں 76فیصد کی بڑِھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔