آئمہ کرام جمعہ کا خطبہ مختصر عربی میں دیں، خطبہ سے پہلے تقریر کو فی الحال موخر کر دیا جائے ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کا ویڈیو پیغام

674

اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ آئمہ کرام جمعہ کا خطبہ مختصر عربی میں دیں، خطبہ سے پہلے تقریر کو فی الحال موخر کر دیا جائے، لوگوں کا زیادہ تعداد میں ایک جگہ پر جمع ہو جانا اس مرض کے پھیلاﺅ کا سبب بن سکتا ہے۔ جمعرات کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں قبلہ ایاز نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ کورونا وائرس اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکا ہے، بحیثیت مسلمان ہمارا عقیدہ ہے کہ بیماریاں اﷲ کی طرف سے آتی ہیں اور اﷲ تعالیٰ ہی ہمیں شفاءدینے والا ہے۔ ہمیں اس وبائی مرض سے بچنے کیلئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، لوگوں کا زیادہ تعداد میں ایک جگہ پر جمع ہو جانا اس مرض کے پھیلاﺅ کا سبب بن سکتا ہے اس لئے ایک جگہ جمع ہونے سے عوام گریز کریں۔ نماز کی سنتیں گھر میں پڑھی جائیں اور امام صاحبان فرض نماز کو مختصر کریں، نماز جمعہ میں عربی خطبہ کو مختصر کر دیا جائے اور خطبہ سے پہلے تقریر کو فی الحال موخر کر دیا جائے، نزلہ، زکام کی صورت میں گھر میں نماز پڑھیں، مرض کی تشخیص پر فوری طور پر علاج کرانا ضروری ہے، علاج کرانا سنت ہے۔