لاہور۔13اگست (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے نگران وزیراعظم کے نام پراتفاق کیا،آئندہ الیکشن صاف شفاف اور پاکستان کی ترقی کی نوید ثابت ہوں گے،پورے ملک میں یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا جائے گا، پاکستان کے پرچم کی توہین کرنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام جماعتوں نے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کیا ہے،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہمیشہ پاکستان کی ترجمانی کی ہے اور وہ مستحکم پاکستان کیلئے ایک امید ہوں گے ،آئندہ الیکشن صاف شفاف اور پاکستان کی ترقی کی نوید ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پرچم ہمارے ملک کی عظمت کی علامت ہے جس کی توہین ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی، جن لوگوں نے پاکستان کے پرچم کی بے حرمتی کی ہے حکومت ان کیخلاف غداری کا مقدمہ چلائے اورپر چم کی توہین کے مرتکب افراد کے شناختی کارڈز کو بھی بلاک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اداروں اور افواج پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی اور آئندہ بھی ملک دشمنوں کیخلاف نبر د آزما رہیں گے۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کل پورے جوش و جذبے سے یوم آزادی منائے گی،اقلیتی برادری بھی یوم پاکستان پورے جوش و جذبے سے منائیگی ، تمام مدارس میں قومی پرچم لہرایا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے،جسے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا،ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وطن کی محبت ہمارے ایمان کا تقاضا ہے، ہمارے جیسا کوئی دوسرا وطن نہیں ہے، پاکستان کا آئین، قانون، دستور قرآن وسنت کے تابع ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت مکمل ہوتا ہے جب مسلم اور غیر مسلم اکٹھے ہوتے ہیں، قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے جان لیں ہم سب ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بھرپور انداز میں ملکی سلامتی کے لیے کام کرتے رہیں گے،ہمیں اپنی اصل منزل خلافت راشدہ کے نظام تک پہنچنا ہے،
اس لیے ہمیں چھوٹے چھوٹے اختلافات ختم کر کے ایک پرچم کے نیچے اکٹھے ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے امن کو پاکستان کا امن سمجھتے ہیں، یہ خطہ گزشتہ 42 سال سے حالت جنگ میں ہے،پانچ اگست کے فیصلے کو انڈیا واپس لے،کشمیر اور فلسطین کا معاملہ پوری دنیا کے امن کا معاملہ ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ پورے عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، پاکستان ہندوستان سے بات چیت سے کبھی انکار نہیں کرتا، ہندوستان مسئلہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ دے تو ہم سب مل کر اس خطے میں بہتری لاسکتے ہیں۔