حیدرآباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف ہی جیت رہی ہے، کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا نتیجہ آیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے خود کہا ہے کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی خود طے کرینگے۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس اور میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت ایک صوبائی سبجیکٹ ہے اور اس میں جان بوجھ کر بحران کھڑا کیا جا رہا ہے۔ سندھ میں اگر کوئی متبادل ہے تو پی ٹی آئی ہے ، پی ٹی آئی کو سندھ میں مضبوط کرنا میرا مشن ہے، لیبر ونگ کی اس کاوش میں ، میں ان کے ساتھ ہوں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے خود پرانے اور چلے ہوئے کار تو س ہیں۔ سندھ کی صوبائی حکومت نے کالا قانون رائج کردیا ہے ، یہاں بے گناہ لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں ، عوام پیپلز پارٹی سے تنگ آئے ہوئے ہیں اور انکی گورننس سے عاجز ہیں۔
معاون خصوصی و سابق وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ انہیں وسیع تجربہ ہے اور اگر پارٹی ان کی باتوں پر عمل کرے تو کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا کام عملی ہے ، سیلفی نہیں۔ انہوں نے پارٹی کی تمام تنظیمیں تحلیل کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگلے الیکشن میں جیتنے کیلئے ایسے ہی مضبوط اقدام کرنے ہونگے –
معاون خصوصی نے وزیر ریلوے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کے کہنے پر کھوکھر ا پار تک ماروی ایکسپریس کو بحال کیا جو قابل ستائش اقدام ہے۔