فیصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ نگران حکو مت پنجاب کی ہدایات پر آئندہ ایام میں سموگ کنٹرول کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اس ضمن میں دھان کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی عمل ہے اور دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات کو آگ لگانے والے کاشتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات(مڈھوں اور پرالی)کو آگ ہرگز نہ لگائیں کیونکہ باقیات کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے علاوہ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کو قابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے جو ٹریفک حادثات اور انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے کٹائی کی صورت میں دھان کے مڈھوں کی تلفی کے لئے روٹا ویٹر اور میشن سے کٹائی کی صورت میں ڈسک ہیرو کی مدد سے انہیں زمین میں ملادیں یا گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگادیں۔انہوں نے بتایا کہ دھان کے مڈھوں کو زمین میں ملانے سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔