آئندہ بجٹ میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر مقامی کاٹن پر سیلز ٹیکس ختم کیاجائے گا ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تجارت

83

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار بھٹی نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام کے تحت 2030 تک ملک کی مجموعی برآمدات 60 ارب ڈالر تک لیجائیں گے ، آئندہ بجٹ میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر مقامی کاٹن پر سیلز ٹیکس ختم کر کے مقامی صنعت کو تحفظ دیا جائے گا ۔ وہ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔

سحر کامران کے سوال پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں، زراعت، صنعتیں ،ایف بی آر سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں سے وزارت تجارت ،تجارتی خسارے کو کم سے کم کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اڑان پاکستان پروگرام شروع کیا ہے اس میں ہدف ہے کہ 2030 تک 60 ارب تک ایکسپورٹ لیکر جائیں گے ۔ ضمنی سوال میں نوید قمر نے پوچھا کہ مقامی کاٹن پر سیلز ٹیکس لگایا گیا ہے ۔ذوالفقار بھٹی نے بتایا کہ آئندہ سال بجٹ میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر سیلز ٹیکس ختم کر کے مقامی صنعت کو تحفظ دیا جائے گا ۔