لاہور۔2جون (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں فرنیچر سیکٹر کو مکمل صنعت کا درجہ دیا جائے۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کی یہ تبدیلی برآمدات کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنیچر سیکٹر میں برآمدات اور زر مبادلہ کمانے کا بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے مگر یہ صنعت کی رسمی شناخت اور سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے پسماندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صلاحیت سے بھر پور استفادہ کیلئے حکومت فرنیچر سیکٹر کو صنعت کا درجہ دیتے ہوئے اس کے لیے مراعات کا ایک جامع پیکج متعارف کرائے۔ ان مراعات میں ٹیکس میں چھوٹ، خام مال پر سبسڈی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے کریڈٹ تک آسان رسائی شامل ہے۔