اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):آئندہ برس ورلڈ یوتھ ڈے کی میزبانی پاکستان کو ملنے کا امکان ہے، کامیاب جوان پروگرام میں عالمی اداروں کی دلچسپی کا سلسلہ جاری ہے، ورلڈ بینک اور یورپی یونین کے بعد دولت مشترکہ بھی شراکت دار بننے کیلئے تیار ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان و سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار سے دولت مشترکہ حکام نے رابطہ کیا ہے اور کامیاب جوان پروگرام کیلئے دولت مشترکہ کے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انہوں نے آئندہ سال ورلڈ یوتھ ڈے کی میزبانی پاکستان کو دئیے جانے کا بھی عندیہ ظاہر کیا ہے۔ عثمان ڈار نے دولت مشترکہ حکام کو کامیاب جوان پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو جاری قرض کے تازہ اعدادوشمار پر بھی بریفنگ دی۔ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان و سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر ہر ممکن سرپرستی کریں گے، دولت مشترکہ کے تعاون کے نتیجہ میں نوجوانوں کو مزید مواقع مل سکیں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان ذاتی طور پر پروگرام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
دولت مشترکہ کے حکام نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہا ہے، دولت مشترکہ وزرا کانفرنس بھی پاکستان میں بلائی جا سکتی ہے۔ دولت مشترکہ کے حکام نے پاکستان یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس پر بھی اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اقدامات تسلی بخش اور حوصلہ افزاء ہیں۔