آئندہ دو سال میں حکومت کی ترجیح مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگی، احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا ایک بہت بڑا انسداد غربت کا منصوبہ ہے ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار

90

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ دو سال میں حکومت کی ترجیح مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگی، کامیاب جوان پروگرام کے تحت حکومت نے اس سال کے آخر تک ایک لاکھ ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا جن میں سے اب تک 42 ہزار ملازمتیں پیدا کی جا چکی ہیں، احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا ایک بہت بڑا انسداد غربت کا منصوبہ ہے ، شفاف انتخابات کے لئے اصلاحات بہت ضروری ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے ہنرمندی، ترقی، روزگار کے مواقع اور کاروباری پروگرامزکے لئے متعدد سکیمیں شروع کی گئی ہیں، حکومت ملک کے نوجوانوں کی مکمل حمایت اور تعاون کر رہی ہے تاکہ وہ قومی معیشت کی مجموعی ترقی میں اپنا پیداواری کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے، حکومت نے سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے ذریعے نوجوانوں ی ترقی کے لئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا ایک بہت بڑا انسداد غربت کا منصوبہ ہے جسے بین الاقوامی اداروں نے بھی بڑے پیمانے پر تسلیم کیا ہے، احساس پروگرام پاکستان پیپلز پارٹی کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے کہیں بہتر اور زیادہ شفاف ہے،احساس پروگرام کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کے ساتھ زیادہ شفاف طریقے سے چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے پر توجہ دے گی اور شرح نمو میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ ملک کے عوام کو ریلیف مل سکے، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا واحد وژن معاشرے کے پسماندہ اور کمزور طبقات کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کے بنیادی انسانی اصولوں پر مبنی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں، اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں، اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے جائزہ کے معاملے پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کو نافذ کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے، انتخابی اصلاحات کے ذریعے پارلیمانی نظام مضبوط اور انتخابات کے دوران دھاندلی اور کرپٹ پریکٹسز کا خاتمہ ہوگا۔