اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی ) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ سال جنوبی افریقہ یا بنگلہ دیش کی بلائنڈ کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، اس سلسلہ میں دونوں ممالک کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی نے کورونا کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کر دیا ہے اور حال ہی میں 7 ماہ کے بعد قومی ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ 4 سے 9 نومبر تک اسلام آباد میں خواتین بلائنڈ کرکٹ کھلاڑیوں کا کیمپ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے ساتھ دورہ پاکستان کے لئے بات چیت جاری ہے ۔ان میں سے کوئی ایک ٹیم آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ کے لئے کھلاڑیو ںکر تیار کررہی ہے جس میں زیادہ تر نئے کھلاڑیون کو مواقع دیئے جائیں گے۔