آئندہ عام انتخابات میں اوور سیز پاکستانیز انٹر نیٹ کے ذریعے اپنا ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے،وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

83

بارسلونا۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں اوور سیز پاکستانی انٹر نیٹ کے ذریعے اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے، پاکستانی صارفین کیلئے سمارٹ فون فار آل منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، متعدد عالمی کمپنیوں سے اس حوالے سے بات ہوئی ہے، موبائل فون اور ڈیٹا پیکج کو آسان اقساط میں دینے کا پراجیکٹ بھی جلد شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس 2022 ء کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چار روزہ کانفرنس کا مقصد دنیا بھر میں موبائل کنکٹیویٹی کو بڑھانےاورعام آدمی کیلئے کمیونیکیشن ٹیکنالوجی تک رسائی کیلئے حکمت عملی طے کرنا اور ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔ جی ایس ایم اے کے تحت منعقدہ عالمی کانگریس میں دنیا بھر سے ٹیلی کمیونیکیشن کے حکومتی نمائندگان اور ٹیلی کام کمپنیوں کےعہدیداران شرکت کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے اس سے قبل بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے میں منعقدہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی بنا کر اسے کابینہ اور پارلیمنٹ سے منظور کرایا ، میڈ ان پاکستان نظریئے کے تحت اب پاکستان میں موبائل فون نہ صرف بن رہے ہیں بلکہ ایکسپورٹ بھی کئے جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سید امین الحق نے کہا کہ انفرادی طور پر بیرون ممالک سے اپنے استعمال کیلئے لائے گئے موبائل فون پر ٹیکسز کے نفاذ پر انہیں بھی تحفظات ہیں لیکن کوشش ہے کہ کم از کم ایک ہی فون پر بار بار ٹیکسز کی وصولی کا خاتمہ کرایا جائے۔وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کیلئے تمام متعلقہ امور پر کام کررہے ہیں امید ہے آئندہ عام انتخابات میں اوورسیز پاکستانی انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے۔

انہوں نے موبائل ورلڈ کانگریس کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ سال 4 پاکستانی کمپنیوں جبکہ اس برس 9 کمپنیوں نے شرکت کی ہے۔ کانگریس کے اہم ترین وزارتی سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک میں کنکٹیویٹی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اور ڈیجیٹل پاکستان ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عالمی سطح پر پاکستانی اقدامات خصوصا وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت ملک کے پسماندہ علاقوں میں موبائل نیٹ ورکنگ کے حوالے سے شروع کئے گئے درجنوں منصوبوں کو سراہا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارسلونا میں کئی ممالک کے وزراٗ، بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں، عالمی ٹیلی کمیونیکیشن اداروں، اور عالمی بینک کے عہدیداران سے ملاقات سیر حاصل رہی ہے۔ اور کئی اداروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لحاظ سے موزوں ملک قرار دیتے ہوئے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔