آئندہ عام انتخابات میں ملک کی غیور عوام عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے پاکستان کی سیاست سے منفی کریں گے،وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

179

بہاولپور۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اکتوبر یا جب بھی ہو پاکستان کے غیور عوام عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے پاکستان کی سیاست سے منفی کریں گے ورنہ یہ شخص ملک کو کسی حادثے سے دوچار کردے گا ، عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد ہماری مجبوری ہے ،اگر ہم ایسا نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا ، محمد نواز شریف پہلے دن سے ہی اس حق میں نہیں کہ عوام پر بوجھ ڈالا جائے ۔ وہ بہاولپور میں تنظیمی کنوونشن سے خطا ب کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کا یہ تنظیمی اجلاس بلایا گیا ہے ، یہ اجلاس جلسے کی شکل اختیار کرگیا ہے، یہ ہے وہ طاقت اور مقبولیت جو پاکستان مسلم لیگ ن اور مریم نواز کی مقبولیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے اپنے پنجاب کے تنظیمی دوروں کا آغاز بہاولپور سے رکھا ہے، مریم نواز پورے پنجاب اور پاکستان میں پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے جس مشن کا آغاز کرنے جارہی ہیں، آج کی بھرپور شرکت سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ مشن آغاز پر ہی کامیاب ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ بجلی ، گیس کے بل بڑھیں ہیں، پیٹرول کی قیمت میں اضافے نے متاثر کیا ہے لیکن اس کے باوجود عوام کا جذبہ پر جوش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اور مہنگائی کی لہر کی وجہ موجودہ حکومت نہیں بلکہ عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہے ،ہم نے اس معاہدے کے سامنے مزاحمت کی کہ قیمتیں نہ بڑھائیں، اسحاق ڈار نے بھی بھرپور کوشش کی ، محمد نواز شریف پہلے دن سے ہی اس حق میں نہیں کہ عوام پر بوجھ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد ہماری مجبوری ہے ،اگر ہم ایسا نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا اس لئے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب جب پاکستان کو بحران کا سامنا ہوا ،1999 ہویا 2013 ہو پاکستان کو محمد نواز شریف کی قیادت میں بحرانوں سے نکلا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا ہو یا دہشت گردوں کے خاتمے کی بات ہو یا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا یہ سب کچھ نواز شریف کی قیادت میں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک کو عمرانی ٹولے کے حوالے کیا گیا ،ساڑھے تین سال بعد ملک کو دوبارہ اس نہج پر پہنچا دیا گیا، ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کے لئے ضروری ہے محمد نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ سے جدوجہد کا آغاز کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملک کو بحران سے نکالے گی ، مہنگائی ، دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا بھی خاتمہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو پراپیگنڈہ کرتے ہیں کہ ہماری مقبولیت بہت ہے وہ سب جھوٹ ہے ، اس شخص نے 25 مئی کو بھی اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد بیٹھ کر الیکشن کی تاریخ لیکر جائوں گا ،پھر عوام نے دیکھا کہ وہ کس طرح جوتے چھوڑکر بھاگا، 26 نومبر کو عمران کہتا تھا کہ عوام کا سمندر لیکر آئوں گا وہاں سے بھی ذلیل و خوار ہو کر آیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت 2018 میں نواز شریف کو سیاست سے الگ کیا گیا ، عمران خان فساد اور فتنہ ہے ۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ جو شخص یہ کہے کہ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے سے بہتر ہے کہ مر جائوں ،قوم کو اس شخص کی شناخت کرنی چاہیے، پاکستان مسلم لیگ کے ورکرز سمیت پاکستان کی تمام غیور عوام اپنی ووٹ کی طاقت سے عمران خان کوپاکستانی سیاست سے منفی کریں گے ،ورنہ یہ شخص ملک کو کسی حادثے کا دوچار کردے گا ۔انہوں نے کہا کہ عمرانی ٹولے کے دور میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ساری قیادت جیلوں میں تھی ، محمد نواز شریف کو بیرون ملک بھیجا گیا ، پارٹی کے صدر ، حمزہ شہباز اور میرے سمیت دیگر قیادت جیل میں تھی، اس وقت مریم نواز باہر نکلی اور مسلم لیگ ن کو جگایاجس کے بعد عمرانی جبر ٹوٹنا شروع ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو تکلیف پہنچانے کے لئے مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو نئی ذمہ داری سونپی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب میں اکثریت حاصل کر کے اپنی حکومت بنائے گی ۔