کوئٹہ۔ 11 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف پر مبنی ہوگا جس میں دستیاب وسائل کو صوبے کی ترجیحات اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز کوئٹہ میں اراکین صوبائی اسمبلی اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت، گڈ گورننس اور پائیدار ترقیاتی حکمت عملیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو درپیش سماجی، معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں گورننس کی بہتری، عوامی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، روزگار کے مواقع اور مربوط ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے حکومت "کلائمیٹ فنڈ” کے قیام کا فیصلہ کر چکی ہے جس کے تحت ماحول دوست اقدامات اور منصوبوں کی مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی محرومیوں کے ازالے، ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے اور وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔