آئندہ مالی سال کے دوران قابل تقسیم محاصل ٹیکس اور براہ راست منتقلیوں کی مد میں صوبوں کو 82 کھرب 5 ارب 72 کروڑ روپے کے فنڈز منتقل کرنے کی تجویز

18
Budget2025-26
Budget2025-26

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال کے دوران قابل تقسیم محاصل ٹیکس اور براہ راست منتقلیوں کی مد میں صوبوں کو مجموعی طور پر 82 کھرب 5 ارب 72 کروڑ 30 لاکھ روپے کے فنڈز منتقل کرنے کی تجویز ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 26 ۔ 2025 کے دوران قابل تقسیم محاصل ٹیکس کی مد میں وفاق کی جانب سے صوبوں کو مجموعی طور پر 79 کھرب 88 ارب 53 کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز منتقل ہوں گے۔

اسی طرح براہ راست منتقلیوں کی مد میں 2 کھرب 17 ارب 18 کروڑ 7 لاکھ روپے کے فنڈز صوبوں کو منتقل ہوں گے۔ قابل تقسیم محاصل ٹیکس کے شعبہ میں انکم ٹیکس کے ضمن میں صوبوں کو مجموعی طور پر 38 کھرب 66 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ روپے، کیپٹل ویلیو ٹیکس کی مد میں 9 ارب 85 کروڑ 90 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس بشمول خدمات پر جی ایس ٹی کی مد میں 27 کھرب 16 ارب 86 کروڑ 30 لاکھ روپے،

فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 5 کھرب 3 ارب 14 کروڑ 10 لاکھ روپے اور کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 8 کھرب 92 ارب 17 کروڑ روپے منتقل کئے جائیں گے۔ براہ راست منتقلیوں کی مد میں گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی صورت میں صوبوں کو 37 ارب 24 کروڑ روپے، قدرتی گیس پر رائلٹی کی مد میں ایک کھرب 12 ارب 70 کروڑ روپے، خام تیل پر رائلٹی کی مد میں 56 ارب 84 کروڑ روپے اور قدرتی گیس پر ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 10 ارب 40 کروڑ 6 لاکھ روپے کے فنڈز منتقل ہوں گے۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب کو 40 کھرب 76 ارب 8 لاکھ روپے، سندھ کو 20 کھرب 43 ارب 76 کروڑ 2 لاکھ روپے، خیبرپختونخوا کو 13 کھرب 42 ارب 78 کروڑ 8 لاکھ روپے اور بلوچستان کو 7 کھرب 43 ارب 16 کروڑ 6 لاکھ روپے کے فنڈز منتقل ہونے کا تخمینہ ہے۔