آئندہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں مزید اضافہ کیا جائے، ترسیلات زر کے لئے اقدامات بہترین ہیں، سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان

94
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں مزید اضافہ کیا جائے، ترسیلات زر کے لئے اقدامات بہترین ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی جو ملک کے خلاف نعرے لگاتے ہیں ان کے شناختی کارڈ ضبط کئے جائیں اور ان کی دہری شہریت ختم کی جائے، تمام تر سازشوں کے باوجود ملک ترقی کرے گا۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط مانیں، عمران خان کے دور حکومت میں مہنگائی بلند ترین سطح پر تھی، عمران خان کہتے تھے کہ ایماندار شخص کی حکومت آنے سے ٹیکسوں کی آمدن کی بھرمار ہو گی، وہ دودھ اور شہد کی نہریں کہاں گئیں، آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق ان کے وزرائے خزانہ کی آڈیوز سامنے آئیں، کیا ان کا فرانزک تجزیہ ہوا، عمران خان کے بلند و بانگ دعوے کہاں گئے، ان کے خیالی پلائو اور حقیقی معیشت میں بہت فرق ہے، نوجوانوں کے ذہنوں میں انہوں نے زہر بھرا ہے، جناح ہائوس، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کرنے والے کون تھے، انہوں نے وہ کام کیا جو دشمن کبھی نہ کر سکا، امریکہ سمیت کسی دوسرے ملک میں ایسے واقعات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے، ان واقعات کا ماسٹر مائنڈ کون تھا جس نے لوگوں کے ذہن بھرے، بھارت کے ایجنٹوں نے فالس فلیگ آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ کون ان بلوائیوں کے ساتھ ہے اور کون پاکستان کے ساتھ ہے جو پاکستان کے ساتھ ہے، اسے اس کی مذمت کرنا ہو گی اور اس کے سرغنہ کی گرفتاری کا مطالبہ کرنا ہو گا، پی ٹی آئی والوں نے 190 ملین پائونڈ خرد برد کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ملک بیچا گیا، ملک گروی رکھنے والے اور ملک کو آگ لگانے والے غدار ہیں، 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے، آئی ایم ایف خیرات نہیں دیتا، قرضوں پر بھاری سود وصول کرتا ہے، حکومت کے اقدام قابل تعریف ہیں، سابق دور حکومت میں سی پیک کو روکا گیا، آن لائن ایپ قرضوں کا جھانسہ دے کر عوام کو لوٹ رہے ہیں، تنخواہوں اور پنشن میں مزید اضافہ کیا جائے، ترسیلات زر کے لئے اقدامات بہترین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جو ملک کے خلاف نعرے لگاتے ہیں ان کے شناختی کارڈ ضبط کئے جائیں اور ان کی دہری شہریت ختم کی جائے، تمام تر سازشوں کے باوجود ملک ترقی کرے گا۔