آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات

142

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے پیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مربوط رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے جبکہ کشمیر، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گوپس میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش فیصل آباد (علامہ اقبال کالونی 48، مدینہ ٹاؤن واٹر ورکس 47، ڈوگر بستی 40، جی ایم اے واٹر ورکس 35، گلستان کالونی 14)، گجرات 25، اسلام آباد (سید پور 21)، جہلم 20، ساہیوال 15، بہاولنگر 13، منگلا 8، جھنگ 6، منڈی بہاؤالدین، نارووال 2، لاہور ائیرپورٹ ایک، کوٹلی 42، دیر (بالائی17)، بالاکوٹ 21، مالم جبہ، میر کھانی اور گوپس میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق بھکر، ڈی آئی خان اور سبی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔