اسلام آباد ۔ 03 نومبر (اے پی پی) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں سرد رہے گا تاہم شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق (آج) پیر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں سرد رہے گا۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں سرد رہا ہے تاہم سکھر، دادو، موہنجوداڑو، سوات، دیر، چترال، بارکھان، کوئٹہ، زیارت، لسبیلہ، خضدار، لورالائی، تربت، ڈیرہ غازی خان، ناروال، جھنگ، چکوال، راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، منڈی بہاﺅالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پڈ عیدن میں46 ملی میٹر، دادو 16، کالام 18، پٹن 6، دروش، میرکھانی 4، دیر، چترال ایک، بارکھان 7، خضدار 2، کوئٹہ، لسبیلہ، تربت، لورالائی، زیارت ایک، ڈیرہ غازی خان 7، ناروال، جھنگ ایک، چکوال، منگلا ، جہلم، گوجرنوالہ، منڈی بہاﺅ الدین، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان کے اضلاع میں بھی بارش رپورٹ کی گئی ہے اسی طرح بگروٹ 5، بونجی ایک، گلگت ، سکردو، استور، چلاس، مظفر آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کو ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت کے مطابق کالام میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس ایک اور بگروٹ میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔