اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھاۓ رہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان، شمالی علاقہ جات، کشمیر اور بالائی خیبر پختو نخوا میں شدید سرد رہا تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختو نخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہوئی۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش استور میں 9 ملی میٹر، بگروٹ 6، دروش 3، چلاس 2، گلگت ایک، پٹن4 اورمیر کھانی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مزید برآں استور میں 5 انچ اور بگروٹ میں 2 انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق گوپس میں درجہ حرارت منفی 10، استور، کالام منفی 7، پاراچنار، اسکردو، منفی 6، کوئٹہ، قلات منفی4 اور دیر میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔