اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی/جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی/جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی / جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا جبکہ بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گجرات میں 12، منگلا 6، سیالکوٹ (ایئرپورٹ 4 اور سٹی 2)، اسلام آباد (سٹی 2 اور سید پور ایک)، مری ایک، میر کھانی 3، کالام ، دیر (بالائی)، دروش اور راولاکوٹ 2، گوپس 3 اور بگروٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق تربت اور پسنی میں درجہ حرارت 49، جیکب آباد 48، بہاولنگر 47، سبی، سکھر، روہڑی، موہنجو داڑو میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پیر 16 جون تک آندھی/ جھکڑ / ژالہ باری/ گرج چمک اور تیز / موسلادھار بارش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔