اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ تیز /گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا جبکہ چترال اور کالام میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد میں درجہ حرارت 50، دادو، نورپورتھل، سبی 49، بھکر، بہاولنگر، سرگودھا، جوہر آباد، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ جمعہ 13 جون تا پیر 16 جون کے دوران آندھی/جھکڑ / ژالہ باری/گرج چمک اور تیز /موسلادھار بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ) کے نقصان کا اندیشہ ہے۔