لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کچھ عناصر گندم کے کا شتکاروں کو گمراہ کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری2800 روپے فی من کے حساب سے کرنی ہے ،یہ منفی پروپیگنڈہ ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومت کے پاس گندم کے موجودہ ذخائر کے اجرا کی خبر کوتروڑ مروڑ کر آئندہ فصل کی قیمت کے ساتھ جوڑا جارہا ہے جو کہ سراسر غلط اور بے بنیاد ہے،گندم کی قیمت 2900 روپے فی 40 کلوگرام صرف سرکاری گندم کے ذخائر کے اجرا کیلئے مقرر کی گئی ہے جو محکمہ خوراک کے گوداموں میں موجود ہے تاکہ عوام کو آٹے کی دستیابی مناسب قیمت پر یقینی بنائی جا سکے تاہم اس کا گندم کی آئندہ فصل بارے قیمت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ آئندہ سال حکومت پنجاب گندم کی فصل کی کٹائی کے وقت مناسب اقدامات کرے گی تا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز منافع دلایا اوران کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے کہاکہ اس حوالے سے مزید معلومات کیلئے کاشتکارپنجاب ایگریکلچرل ہیلپ لائن کے نمبر 17000-0800 پر سوموار تا ہفتہ صبح 8:00 بجے سے رات 8:00 بجے تک کال کر سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=539813