اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقو ں میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا تاہم بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش اسلام آباد (بوکرہ 15، زیروپوائنٹ 12، ایئرپورٹ 6، گولڑہ 2)، نورپورتھل 14، چکوال 9، راولپنڈی (شمس آباد 7، چکلالہ 5، کچہری ایک )، مری اور جہلم میں ایک، کاکول، مالم جبہ 16، سیدو شریف 10، کالام 2، میرکھانی، بالاکوٹ، تخت بائی، دروش ایک، بگروٹ 4، گلگت، سکردو 2، بونجی، گوپس ایک، مظفرآباد سٹی، راولاکوٹ 2 اور گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیر کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق شہید بینظیرآباد 43، سبی اور موہنجودارو میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔