آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اور گر دو نواح میں ہلکی بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات

85
weather

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اور گر دو نواح میں تیز ہوائیں /جھکڑچلنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہا ڑوں پرہلکی برف باری کی توقع ہے،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق (کل )منگل کو شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہا ڑوں پر برف باری کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےتاہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا تاہم بلوچستان ،گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونحوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور برف باری ہوئی۔

پنجاب کے جنوبی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہی۔سب سے ذیادہ بارش بلوچستان میں قلات 02، گوادر ، کوئٹہ01،گلگت بلتستان میں بگروٹ 08، بونجی 03، گلگت، استور 01، خیبر پختونحوا میں پٹن07، کالام، بالاکوٹ06،بنوں، چترال ، 05،مالم جبہ 04، سیدو شریف، کا کول، دیر(زیریں ، بالا ئی) 02، میر خانی 01،کشمیر میں مظفر آباد (سٹی 07 ، ایئر پورٹ 05 )، گڑھی دوپٹہ 02 اور راوالاکوٹ میں 01 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

اس دوران بگروٹ 07 ،کالام03،مالم جبہ 02انچ اور استور ، زیارت میں ہلکی برف باری ریکارڈ کی گئی۔پیر کو ریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی 08،گوپس منفی06، سکردو، مالم جبہ منفی 05، بگروٹ، پاراچنار منفی 04 اور سر ی نگر میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ، ناران، کاغان،چترال، دیر، سوات، کوہستان ،شانگلہ اورگلگت بلتستان میں برف باری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ظاہر کیا ہے ۔