آئیسکونے جنرل الیکشن2024 کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے انتظامات مکمل کر لیے، ترجمان

81
IESCO

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):جنرل الیکشن2024کے دوران بجلی کی فراہمی کویقینی بنانے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) انتظامیہ نے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلئے ہیں۔

ترجمان آئیسکو کے بدھ کو جاری بیان کے مطابق مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے ریجن بھر کے11کے وی فیڈرز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی، بجلی کی طلب اور رسد اور دستیاب بجلی کے کوٹہ کی براہ راست نگرانی کی جائے گی۔

ترجمان کےمطابق فیلڈ افسران و عملے کی چھٹیوں کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں فیلڈ اور کمپلینٹ دفاتر میں الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، سسٹم مینٹیننس کیلئے جاری شیڈول شٹ ڈائون مورخہ7تا9فروری منسوخ کردیے گئے ہیں،آپریشن سرکلز میں بھی مانیٹرنگ ٹیم کی تشکیل کر دی گئی ہے جو کہ فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ24گھنٹے رابطے میں رہیں گے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمدا مجد خان اور چیف انجینئر آپریشن محمد اسلم خان تمام آپریشن کی نگرانی براہ راست کریں گے، شکایات کے اندراج اور ازالے کیلئے متعلقہ کمپلینٹ دفاتر کے نمبرز، آئیسکو ہیلپ لائن نمبر118اور سی سی ایم سی کے فون نمبر 34-9252933-051 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔