اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو )اور محکمہ موسمیات پاکستان کے درمیان بجلی کی طلب اور پیداوار کے درست تعین کے لیے تاریخی معاہدہ طے پایا ہے۔ معاہدے کا مقصد بروقت اور درست موسمیاتی معلومات کی فراہمی کے ذریعے بجلی کی طلب کے تخمینے کو بہتر بنانا ہے۔ترجمان آئیسکوکے مطابق معاہدے پر آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان اور ڈائریکٹر جنرل پی ایم ڈی صاحبزاد خان نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت محکمہ موسمیات، آئیسکو کو تین سے6 دن کی پیشگی موسمیاتی پیش گوئی فراہم کرے گاجس سے آئیسکو کو بجلی کی طلب کا موثر اندازہ لگانے اور لوڈ مینجمنٹ خصوصاً شدید موسمی حالات میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آئیسکو نے کہا کہ یہ معاہدہ کمپنی کے جدید ترین منصوبے "ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر” (اے ایم آئی) کی کامیابی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات نے اس شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام قومی انفراسٹرکچر کی بہتری اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔ تقریب کے اختتام پر آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات کو یادگاری شیلڈ اور گلدستہ بھی پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589088