اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے صارفین کی سہولت کے لیے پرو ریٹا بلنگ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔ پرو ریٹا بلنگ سافٹ وئیر کی وجہ سے صارفین کو 30 یا 31 دن کے مہینے پر مبنی بلنگ ہوتی ہے ،بعض اوقات میٹر ریڈرز کی جانب سے بروقت میٹر ریڈنگ نہ کرنے کے باعث بلنگ کے دنوں میں بے ترتیبی آتی تھی ۔ ترجمان آئیسکو نے پیر کے روز بتایا کہ سو فیصد درست میٹر ریڈنگ یقینی بنانے کے لئے کمپنی پرو ریٹا کے ذریعے اس کو کنٹرول کرتی ہے، میٹر ریڈنگ اور مہینے کے دنوں میں مطابقت رکھنے کے لئے پرو ریٹا بلنگ کا استعمال کیا جاتا ہے ۔
پرو ریٹا بلنگ کا بنیادی مقصد صارفین کو سو فیصد درست میٹر ریڈنگ چارج کرنا ہے جس کا براہ راست فائدہ آئیسکو کے صارفین کو پہنچے گا ۔ موسم سرما میں بجلی کے کم استعمال کی وجہ سےپروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد بڑھتی ہے جبکہ موسم گرما میں بجلی کا استعمال زیادہ ہونےکی وجہ سے کمی آتی ہے اور پروٹیکٹڈ سے ان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں اضافہ ہوتا ہے۔
عید الاضحی کی تعطیلات کے باعث جون 24 کی بلنگ کے ایک بیچ کی بلنگ یقینی طور پر متاثر ہوئی، جون کی بلنگ 30 دن سے زیادہ نہیں کی گئی تاکہ صارفین کو مشکلات سے بچایا جا سکے ۔ بعض صارفین کا بلنگ سائیکل 29 سے 30 دن تک بڑھا یا تاکہ کیلنڈر مہینے کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائے، بیشتر صارفین کو 31/32 دن کی میٹر ریڈنگ کی بجائے 30 دن تک کی کمی سے فائدہ ہوا ہے، جون 24 پرو ریٹا بلنگ کےباعث پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔