آئیسکو نے ماہ نومبر میں 95 ہزار سے زائد میٹرز چیک ، 2کروڑ 65لاکھ سے زائد جرمانے اور 31 بجلی چور گرفتارکئے ، سی ای او آئیسکو

71

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے ماہ نومبر 2024 کے دوران بجلی چوروں کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آئیسکو ٹیموں نے مختلف ٹیرف کے حامل 95ہزار سے زائد میٹرز چیک کیے جن میں318میٹرز سے مختلف طریقوں سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔منگل کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث صارفین کو بجلی کے ڈائریکٹ استعمال،

سلو اورٹمپرڈ میٹرزکی بنیاد پر آئیسکو کی جانب سے 2 کروڑ 65 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 166 ایف آئی آر ز درج کی گئیں اور 31 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار بھی کیا۔ محمد نعیم جان نے کہا کہ آئیسکو ریجن سے بجلی چوری کے خاتمے کیلئے ہماری ٹیمیں مکمل طور متحرک ہیں اور ستمبر 2023 ءسے بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف ہم زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں کیونکہ بجلی چوری پاکستان کی ترقی اور مستحکم معیشت کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے اور بجلی چوروں کا بل عام صارفین کو ادا کرنا پڑتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے صارفین آئیسکو ہیلپ لائن نمبر 118 یا سی سی ایم سی کے نمبرز 051-9252933-34 پر کال کریں۔