آئیسکو کابجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ، 14 کروڑ 29 لاکھ 86 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد ، 358 بجلی چور گرفتار

135
IESCO

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) بجلی چوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں آپریشن ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس ٹیموں کی ریجن بھر میں بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ۔

ترجمان آئیسکو نے جمعرات کو بتایا کہ آئیسکو کا تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد ،راولپنڈی سٹی ،راولپنڈی کینٹ، اٹک ، جہلم اور چکوال میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے جس میں بجلی چوروں کو بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ جیل کی ہوا بھی کھانی پڑ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاری مہم کے دوران گھریلو کمرشل صنعتی اور زرعی کنکشنز کے حامل 144294 میٹرز چیک کئے گئے ، جن میں سے بجلی کے ڈاریکٹ استعمال سلو اورٹیمپرڈ 2204 میٹرز پکڑے گئے۔ بجلی چوری کرنے پر متعلقہ صارفین کو 3077033 یونٹس کی مد میں 14 کروڑ 29 لاکھ 86 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے، پولیس کی جانب سے 436 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا اور 358 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا گیا

، میٹرز کو ٹیمپر کرنے والے افراد کے بجلی کے کنکشنز کاٹ کے میٹرز اتار لئے گئے ۔آئیسکو چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد امجد خان نے یہ عہد کیا ہے کے بجلی چوروں کا آئیسکو سے خاتمے تک کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صارفین سے درخواست ہے کہ بجلی چوروں کی اطلاع آئیسکو ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 0519252933 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان چوروں کو قانون کی گرفت میں لیا جائے۔